حج ظالموں کے مقابلے میں مسلمان اقوام کی طاقت اور قوت کے اظہار کا موقع ہے ، رہبرانقلاب اسلامی
رہبرانقلاب اسلامی نے ایران کی مرکزی حج کمیٹی کے عہدیداروں سے اپنے خطاب میں فرمایا کہ حج کے عظیم اجتماع کو عالم اسلام اور اسے درپیش مسائل کے لئے ایک اہم پیغام کا حامل ہونا چاہئے
سحرنیوز/ایران: رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بدھ کو ایران کی مرکزی حج کمیٹی کے عہدیداروں سے اپنے خطاب میں فریضہ حج کی اہمیت کے ادراک کو بہت ہی اہم قرار دیا اور فرمایا کہ حج ایک عالمی اور تمدنی عبادت ہے جس کا مقصد امت اسلامیہ کی ترقی اور کفر و ظلم و سامراج اور بشری و غیر بشری بتوں کے مقابلے میں امت اسلامیہ کے اتحاد کو مضبوط اور مسلمانوں کے دلوں کو ایک دوسرے سے قریب کرنا ہے۔
آپ نے فرمایا کہ حج ایک بین الاقوامی میقات اور عالمی وعدہ گاہ ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نےاس بات پر زور دیتے ہوئے کہ حج کے اصلی اور بنیادی مفاہیم کو عام کرنے کی ضرورت ہے فرمایا کہ حج کے عظیم اجتماع کو عالم اسلام اور اسے درپیش مسائل کے لئے ایک اہم پیغام کا حامل ہونا چاہئے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے حج کے عظیم فریضے کے دنیوی اور اخروی فوائد کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ اگر حج نہ ہوتو امت اسلامیہ کا شیرازہ بکھر جائے گا۔
آپ نے فرمایا کہ حج کے دنیوی فوائد میں سے ایک یہ ہے کہ مسلمان اقوام،حج کے اس عظیم اجتماع میں صیہونی حکومت اور سامراجی طاقتوں کے اثر و رسوخ کے مقابلے میں اپنی قوت و طاقت کا مظاہرہ کرتی ہیں اور ظالموں کے مقابلے میں سینہ سپر دکھائی دیتی ہیں۔ رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایام حج قوموں اور عالمی مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کا ایک بہترین موقع ہوتا ہے تاکہ جھوٹے نشریاتی ادارے اور نیوز ایجنسیاں انسانوں کو دنیا کے حقائق سے دور اور گمراہ نہ کر سکیں ۔