عمان کے بادشاہ ہیثم بن طارق کا دورہ تہران مکمل، مسقط روانہ
عمان کے بادشاہ ہیثم بن طارق آل سعید اپنا دورہ تہران مکمل کرکے آج مسقط کے لئے روانہ ہوگئے۔
سحر نیوز/ ایران: ہیثم بن طارق نے اپنے دورے کے دوسرے دن رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی اور اس کے بعد نائب صدر محمد مخبر نے تہران ایئرپورٹ پر انہیں اور ان کے ہمراہ وفد کو رخصت کیا۔
قابل ذکر ہے کہ عمان کے سلطان، اپنے ایران کے دورے کے موقع پر ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد کی سربراہی کر رہے تھے۔
اس موقع پر اقتصاد، سرمایہ کاری، توانائی اور فری زون کے سلسلے میں تعاون کے مشترکہ دستاویزات اور سمجھوتوں پر دستخط کئے گئے۔
قابل ذکر ہے کہ صدر سید ابراہیم رئیسی نے گذشتہ روز ہیثم بن طارق آل سعید کا باضابطہ استقبال کیا تھا۔ دونوں ملکوں کے وفود نے بھی اس موقع پر مذاکرات کئے اور تعاون کے مختلف مواقع کا جائزہ لیا۔
قابل ذکر ہے کہ ایران اور عمان کے وزرائے خارجہ نے بھی اس موقع پر اعلان کیا کہ تہران اور مسقط کے مابین جامع اسٹریٹیجک تعاون کے معاہدے کا مسودہ تیار کیا جا رہا ہے۔