ایران اور ترکمنستان کے مابین قابل قدر ثقافتی اشتراکات پائے جاتے ہیں، رہبر انقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران اور ترکمنستان ہمسایہ ممالک کی حیثیت سے مختلف شعبوں میں ثقافتی اشتراکات کے حامل ہیں اور مختلف بالخصوص انرجی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں پہلے سے زیادہ تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔
سحر نیوز/ایران: رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے بدھ کی شام ترکمنستان پیپلز کونسل کے چیئرمین قربان قلی بردی محمد اف سے ملاقات میں فرمایا کہ دونوں قوموں کے درمیان ثقافتی اشتراکات مختلف شعبوں بالخصوص توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے اہم عوامل ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے ترکمنستان کے ساتھ نقل و حمل، پانی، بجلی اور گیس کے شعبوں میں تعاون کے لیے ایران کی آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے ایران و ترکمنستان کی سرحد کے قریب بحیرہ کیسپین تک ہائی وے کی تعمیر کے لیے ایرانی ماہرین بھیجنے سے متعلق بردی محمدوف کی درخواست کے جواب میں فرمایا کہ ایران کی سڑکوں اور شہری ترقی کی وزارت اس منصوبے کو چلانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
رہبر انقلابِ اسلامی نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ باہمی روابط کا فروغ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے فرمایا: اسلامی جمہوریہ ایران اور ترکمنستان کے درمیان پہلے سے زیادہ تعاون کا فروغ، موجودہ ترقی یافتہ دنیا میں دونوں ملکوں کی پوزیشن کو مزید مضبوط کر سکتا ہے۔
ترکمستان پیپلز کونسل کے چیئرمین قربان علی بردی محمد اف نے رہبرِ انقلاب اسلامی سے ہونے والی ملاقات پر دلی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران اور اپنے دور حکومت میں، میں ہمیشہ جناب عالی کے افکار و ارشادات سے استفادہ کرتا رہا ہوں اور ان ارشادات کی بنیاد پر بڑے اور اہم کام انجام پائے، اسی طرح اس سفر میں بھی ترکمنستان میں بڑے منصوبوں کی تکمیل کیلئے آپ کے خیالات اور بیانات سے استفادہ کروں گا۔
انہوں نے ایران کے اعلیٰ حکام سے ہونے والے مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان مذاکرات میں باہمی تعاون بالخصوص پانی، بجلی اور گيس کے شعبوں میں منصوبوں کی تیاری اور اس سلسلے میں ایرانی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کیلئے بہت سے امور طے پائے ہیں۔