ایران اور جنوبی افریقہ کا باہمی تعاون کے فروغ پر تاکید
برکس گروپ کے اجلاس میں شرکت کے لیے جنوبی افریقہ کے کیپ ٹاؤن کے دورے پر گئے ایران کے وزیر خارجہ نے جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ سے ملاقات کی ۔
سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ نالدی پاندور سےملاقات میں بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شنگھائی اور برکس کی تنظیمیں نئے عالمی نظام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے پریٹوریا میں دونوں ممالک کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کے انعقاد کی منصوبہ بندی کا حوالہ دیتے ہوئے اس ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی ترقی میں اہم قرار دیا۔
تکنیکی اور انجینئرنگ کے شعبوں میں ایرانی کمپنیوں کی اعلیٰ صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے حسین امیرعبداللہیان نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ان صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایران کی آمادگی پر اعلان کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پڑوسی ممالک کی مدد کیلئے اسلامی جمہوریہ ایران کے کامیاب تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ایران اور جنوبی افریقہ کے متعلقہ محکموں کے درمیان خصوصی مشاورت کا امکان بھی پایا جاتا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے جنوبی افریقہ کی جانب سے فلسطینی قوم کی حمایت کو بھی سراہا۔
اس ملاقات میں جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ نالدی پاندور نے دونوں ممالک کے اقتصادی روابط کے فروغ کا خیر مقدم کرتے ہوئے افریقہ کے جنوبی علاقے کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے دہشتگردی کو اس علاقے کا اہم مسئلہ قرار دیا۔