شاہ سلمان کے اہم پیغام کے ساتھ سعودی وزیر خارجہ کا دورۂ ایران
سعودی عرب کے وزیر خارجہ بن فرحان اگلے ہفتے کے آغاز میں ایران کا دورہ کرنے والے ہیں۔
سحر نیوز/عالم اسلام: فارس خبر رساں ایجنسی نے اخبار رأی الیوم کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان تہران کا دورہ کرنے والے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ اس دورے میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے صدر ایران ابراہیم رئیسی کے لیے ایک پیغام لائیں گے جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ سے متعلق ہے۔
بن فرحان اس دورے کے دوران ایران کے صدر اور کئی دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات اور بات چیت کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا جائزہ لیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے جمعہ کی شام ایک دوسرے سے ملاقات اور گفتگو کی تھی، دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ برکس تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے جنوبی افریقہ میں ہیں۔
اس ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات میں اچھی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خوش قسمتی سے دونوں ممالک کے سفیروں کا باہمی طور پر تقرر اور سفارتخانے اور قونصل خانے کھولنے کے لیے حالات فراہم ہو گئے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے بھی اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات میں اچھی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔