اقتصادی شعبے میں مضبوط ہونا، پابندیوں کو غیر مؤثر بنانے کی بہترین راہ: صدر ایران
وینیزویلائی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں صدر ایران نے کہا کہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات، مشترکہ دشمن اور مشترکہ نقطۂ نظر سے باہمی تعلقات عمیق اور اسٹریٹجک نوعیت اختیار کر گئے ہیں۔
سحرنیوز/ایران: تسنیم نیوز کی رپورٹ کے مطابق وینزویلا کا دورہ کرنے والے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے وینیزویلا کے صدر کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امپیریالزم کے خلاف مزاحمت کرنے والے وینیزویلا کے عوام اور ان کے قومی ہیروز کی قدردانی کی اور کہا کہ ایران اور وینیزویلا اپنی خودمختاری، آزادی، عدالت کے مطالبات میں مشترکہ نظریات رکھتے ہیں اور اس خصوصیت نے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب کر دیا ہے۔
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ ایران اور وینیزویلا کا دشمن مشترک ہے جو نہیں چاہتا کہ ہم آزادانہ طور پر زندگی گزاریں۔ ایران نے گزشتہ برسوں میں وینیزویلا کے عوام کے ساتھ اپنی دوستی کا ثبوت دیا ہے اور ثابت کیا ہے کہ وہ مشکل دنوں کا دوست ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور وینیزویلا کے تعلقات معمولی نہیں بلکہ اسٹریٹیجک نوعیت کے ہیں اور مشترکہ مفادات، مشترکہ نظریات اور مشترکہ دشمن کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات بہت عمیق اور اسٹریٹجک نوعیت اختیار کر گئے ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون کا ذکر کرتے ہوئے سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں دونوں ممالک نے اقتصادی، تجارتی، توانائی، ٹیکنیکل سروسز اور انجینرنگ کے میدانوں میں تعلقات کا فروغ دیا ہے اور مختلف میدانوں میں تعلقات کو وسعت دینے کےلئے مصمم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران نے انقلاب اسلامی کی برکت، شہداء کے پاک خون اور ایرانی قوم کی استقامت اور مزاحمت سے پابندیوں اور دباؤ کو ایک موقع میں تبدیل کیا ہے اور اس طریقے سے حاصل ہونے والے تجربات ہم وینیزویلا کی مزاحمت پسند قوم تک منتقل کرنے پر آمادہ ہیں۔
صدر ایران نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے حجم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارتی حجم 600 ملین ڈالر تھا جو اب بڑھ کر 3 بلین ڈالر ہو گیا ہے، پہلے مرحلے میں یہ تجارتی حجم 10بلین ڈالر اور دوسرے مرحلے میں 20 بلین ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
صدر رئیسی نے دونوں ممالک کے درمیان صنعت، معدنیات، زراعت، انرجی، علمی و ٹیکنالوجیکل میدانوں میں باہمی تعاون کے 19 معاہدوں اور یاداشتوں پر دستخط کا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے کے بعد دونوں ممالک باہمی تعلقات کی سطح کو بلند کرنے کی راہ میں ایک بڑا قدم اٹھا پائیں گے۔
سید ابراہیم رئیسی نے کانفرنس کے اختتام پر ونزویلا کے قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا اور سردار رشید اسلام شہید جنرل قاسم سلیمانی پر درود و سلام بھیجا۔