کشتی کی ایشیئن چیمپیئن شب ایرانی پہلوانوں کے نام
فری اسٹائل کشتی کی، ایشین چیمپیئن شپ میں ایرانی پہلوانوں نےدوسرے روز بھی اپنی دھاک کو برقرار رکھا اور تین سونے، تین چاندی اور ایک کانسی کے تمغے سمیت سات رنگ برنگے تمغے حاصل کر لئے.
سحر نیوز/ایران: آئی آر آئی بی نیوز کے مطابق فری اسٹائل کشتی کی جونیئر ایشین چیمپیئن کے مقابلے قرقیزستان کے دارالحکومت بیشکک میں پیر کے روز شروع ہوئے۔ مقابلوں کے پہلے ہی دن ایرانی پہلوانوں نے اپنا سکہ جما لیا اور یکے بعد دیگرے اپنے حریفوں کو پچھاڑتے ہوئے تین سونے کے تمغے حاصل لئے۔
ایرانی پہلوانوں کی کامیابی کا سفر مقابلوں کے دوسرے روز بھی جاری رہا اور انہوں نے مزید سات تمغوں کو اپنے نام کیا۔ اس طرح کُشتی کے عالمی مقابلوں میں ایران کے پہلوانوں نے اپنی دھاک کو برقرار رکھا اور مجموعی طور پر دس تمغے حاصل کئے جن میں چھے سونے، تین چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ شامل ہے۔
مقابلوں کے دوسرے دن اہورا خاطری نے پینتالیس کلوگرام، سام سیار نے اڑتالیس کلوگرام، سینا خلیلی نے پینستھ کلوگرام کی کیٹیگری میں سونے کے تمغے حاصل کئے جبکہ امیر رضا تیموری راد نے پچپن، سجاد پیردایہ نے ساٹھ اور ابوالفضل محمد نژاد نے ایک سو دس کلوگرام کی کیٹیگری میں چاندی کے تمغوں پر قبضہ جمایا اور امیر محمد نوازی نےاکیاون کلوگرام کی کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
اس طرح ایران کی ٹیم سب سے زیادہ دوسو پچیس پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی جبکہ ہندوستان ایک سو اسی اور قازقستان ایک سو اٹھاون پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔