Jun ۱۶, ۲۰۲۳ ۱۱:۳۷ Asia/Tehran
  • ایران اور کیوبا نے باہمی تعاون کے 6 معاہدوں پر دستخط کر دئے

ایران اور کیوبا کے صدر کی موجودگی میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان باہمی تعاون کے 6 معاہدوں پر دستخط ہو گئے ہیں۔

سحرنیوز/ایران: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی لاطینی امریکہ کے ممالک کے دورے کے آخری مرحلے میں کیوبا کے دارالحکومت ہوانا پہنچے جہاں ان کا باضابطہ استقبال کیا گیا اور اسکے بعد دونوں ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ حکام کی ملاقتیں ہوئیں۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مختلف میدانوں میں باہمی تعاون کے مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے گئے، دستخط کی تقریب کے موقع پر دونوں ممالک کے صدر بھی موجود تھے۔

یہ معاہدے سیاسی تعاون، کسٹم تعلقات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں باہمی مفادات سے جڑے ہیں۔

یاد رہے کہ ایران میں انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد سے ہی لاطینی امریکہ کے آزادی پسند ممالک نیکاراگوا، کیوبا، وینیزویلا اور بولیویا کے ساتھ ایران کے تاریخی تعلقات رہے ہیں، یہ ممالک امریکی قیادت میں عالمی استعماریت کے خلاف جدوجہد کی ایک طویل تاریخ کے حامل ہیں۔

حالیہ برسوں میں ایران اور لاطینی امریکہ کے سامراج مخالف ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ حاصل ہوا ہے اور سیاسی، اقتصادی، صنعتی، توانائی، صحت اور دوسرے شعبوں میں ان ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات میں پیشرفت ہو رہی ہے۔

ٹیگس