Jun ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۳:۲۴ Asia/Tehran
  • لاطینی امریکی ممالک کی جانب صدر ایران کا دورہ ختم، 35 معاہدے کر کے رئیسی واپس وطن لوٹے

ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی لاطینی امریکہ کے ممالک وینیزویلا، نکاراگوا اور کیوبا کے پانچ روزہ دورے کے بعد جمعے کی شام واپس تہران پہنچ گئے ہیں۔

سحرنیوز/ایران: تسنیم نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی لاطینی امریکی ممالک کے پانچ روزہ دورے کے بعد واپس تہران پہنچ گئے۔ اس دورے میں ایران اور لاطینی امریکی ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے 35 معاہدوں پر دستخط کئے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تہران واپس پہنچنے پر صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ لاطینی امریکہ کا خطہ دنیا کا ایک اہم اور اسٹریٹیجک خطہ ہے جس کے پاس وافر قدرتی اور انسانی ذخائر موجود ہیں اور اس علاقے کے لوگ برسوں سے استکباری نظام کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں اور استحکام، آزادی اور عدالت ان ممالک کا نعرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ آزادی و خودمختاری پر مبنی سامراج مخالف جذبہ بہت سے لاطینی امریکی ممالک کے عوام میں موجود ہے اور یہ عنصر انقلاب اسلامی اور ان ممالک کے درمیان نقطۂ اشتراک ہے۔

سید ابراہیم رئیسی نے وینیزویلا کے نوجوانوں سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان انقلاب اسلامی ایران سے عقیدت رکھتے ہیں اور ہم نے ان کے ساتھ نئے عالمی نظام کی خصوصیات پر بات چیت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنے دوستوں سے کہا ہے کہ اس سفر سے واپسی کے فوراً بعد جن معاہدوں اور یاداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں، ان پر عمل درآمد کے لئے عملی اقدام کئے جائیں، یہ معاہدے ان ممالک اور ہمارے ملکی مفاد میں ہیں۔

صدر ایران نے مزید کہا کہ ہمارا ہر دورہ ملکی و قومی مفادات کی خاطر ہے، ملکی اقتصاد کا مسئلہ ہماری پہلی ترجیح تھا اور اب بھی ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس سفر کے دوران کئے گئے معاہدوں پر عمل درآمد اور اس کے فوائد سے ایرانی قوم، ہمارا علاقہ اور لاطینی امریکہ کےممالک مستفید ہوں گے۔

ٹیگس