امارات کی حکومت کے سربراہ سے امیر عبداللہیان کی ملاقات +ویڈیو
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کے سربراہ شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کی ہے اور انھیں صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی کی جانب سے ایران کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی وزیر خارجہ نے امارات کی حکومت کے سربراہ سے ملاقات میں سیاسی، اقتصادی تجارتی ثقافتی اور سفارتی شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے ایران اور امارات کے تعلقات میں فروغ کے عمل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے خاص طور پر تجارتی اور اقتصادی شعبے میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے ہم آہنگی، منصوبہ بندی اور مشترکہ اقدام،کے بارے میں بات چیت کی۔
ایران کے وزیر خارجہ اور امارات کی حکومت کے سربراہ نے اسی طرح خطے کے ممالک اور قوموں کے مشترکہ مفادات کے تناظر میں علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے نئے اقدامات کرنے کے بارے میں بھی گفتگو کی۔
واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان خلیج فارس کے ملکوں کے دورے کے چوتھے اور آخری مرحلے میں ابوظبی پہنچے جہاں امارات کے وزیر خلیفہ شاہین المرر نے ان کا استقبال کیا۔ انھوں نے اس سے قبل قطر، عمان اور کویت کا دورہ کیا جس کے دوران انھوں نے ان ملکوں کے حکام کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔