سامراج کے خلاف الجزائری قوم کی جدوجہد قابل تعریف ہے: صدر ایران
ایران کے صدر نے کہا کہ ایران اور الجزائر کے تعلقات کو مختلف شعبوں میں فروغ دیا جا سکتا ہے۔
سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے الجزائر کے وزیر خارجہ احمد عاطف کے ساتھ ملاقات میں سامراج کے خلاف الجزائری قوم کی انقلابی جدوجہد اور مزاحمت کی تعریف کرتے ہوئے الجزائر کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے اور تعلقات کی سطح کو بہتر بنانے پر زور دیا۔
صدر رئیسی نے کہا کہ ایران اور الجزائر کے تعلقات دوستانہ اور برادرانہ ہیں اور اسے تجارتی اور اقتصادی شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے حوالے سے دونوں ملکوں کے قریبی اور ہم آہنگ موقف کی بنیاد پر فروغ دیا جا سکتا ہے۔
سید ابراہیم رئیسی نے ایران کی اہم سائنسی اور تکنیکی کامیابیوں اور صلاحیتوں کا ذکر کیا اور ان کامیابیوں کو الجزائر کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے اپنی آمادگی ظاہر کی۔ انہوں نے اسلامی ممالک کے درمیان رابطوں کی مضبوطی کو اسلامی اتحاد کے ایک مضبوط پلیٹ فارم کی بنیاد قرار دیا اور کہا کہ اگر تمام اسلامی ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں، مل کر کام کریں اور فلسطین کی حمایت میں ایران اور الجزائر کا جو موقف ہے دوسرے اسلامی ممالک کا بھی وہی موقف ہو تو آج ہم علاقائی اور عالمی سطح پر مسلمانوں کے خلاف ظلم و ستم کے سلسلے کا مشاہدہ نہ کریں۔
اس ملاقات میں الجزائر کے وزیر خارجہ احمد عاطف نے بھی ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کو اپنے ملک کے صدر کا سلام پیش کرتے ہوئے خارجہ تعلقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کی خارجہ پالیسی کی کامیابیوں اور مسلم ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی سطح کو بلند قرار دیا۔