Jul ۱۶, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۹ Asia/Tehran
  • پاکستان کی سلامتی ایران کی سلامتی ہے: سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ہونے والی ملاقات میں ہمسایہ ملک پاکستان کی سلامتی کو ایران کی سلامتی قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے تہران میں ہونے والی ملاقات میں ایران اور پاکستان کی سرحدوں پر سیکیورٹی چیلنجوں کو مسلمانوں کے درمیان تفرقہ ڈالنے کیلئے تسلط کے نظام کی خطرناک پالیسیوں کا تسلسل قرار دیا ۔

انہوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی پاکستانی فوج کے تعاون اور شراکت سے دونوں ملکوں کی سیکیورٹی سرحدوں کو سیکیورٹی کی صورتحال سے نکال کراقتصادی اور معاشی سرحدوں میں تبدیل کرنے کیلئے آمادہ ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے دونوں ملکوں کی سرحدوں پر سیکیورٹی خطرات اور دہشتگرد گروہوں کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے توانائیوں اور آمادگی کو بڑھانے کی اہمیت پرزوردیتے ہوئے کہا کہ ہم مشترکہ تعاون اور اقدامات کو فروغ دے کر دہشتگرد گروہوں کا خاتمہ کر دیں گے اور دونوں ملکوں کے سرحدی علاقوں میں پائیدار امن قائم کریں گے۔

اس ملاقات میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے دورہ ایران پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں ملکوں کے سرحدی علاقوں میں دہشتگرد عناصر کی موجودگی اور سرگرمیوں کو روکنے اور بد امنی کو ختم کرنے کے سلسلے میں باہمی تعاون کو مزید  مضبوط بنانے، موجودہ حالات سے نکلنے اور دونوں ملکوں کی دلچسپی کے شعبوں میں پیشرفت کی مناسب ترین راہ حل تلاش کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

ٹیگس