Jul ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۸:۵۷ Asia/Tehran
  • ایران کے دشمن، انسانی حقوق کی پابندی نہيں کرتے: ایرانی آرمی چیف

ایران کے چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس نظام کے دشمن، انسانی حقوق اور اخلاقیات کے کسی بھی اصول کی پابندی نہيں کرتے۔

سحنر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل محمد باقری نے منگل کے روز شبستر میں عاشورا چھاونی میں بری فوج کے کچھ دستوں کی پریڈ کا معائنہ کیا اور کہا کہ خدا کا فضل و کرم، رہبر انقلاب کی بے مثال قیادت اور اس کے ساتھ ہی فوجیوں کی بے  پناہ بہادری، ملک میں امن و امان کی اصل وجہ ہے ورنہ ایران کے دشمن، کسی بھی اخلاقی اصول کے پابند نہيں ہیں۔

جنرل باقری نے کہا کہ جو چیز اسلامی جمہوریہ ایران میں سیکورٹی کی صورت حال کی بہتری کا باعث بنی ہے وہ اسلام کے سپاہیوں کی بہادری، عوام کی جانب سے اس الہی حکومت ، اسلامی انقلاب اور رہبر کی حمایت ہے جس کی وجہ سے ہمارے ملک میں امن و امان مثالی ہے ۔

انہوں نے مزيد کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی استقامت، ملک کے لئے روشن مستقبل کی نوید دیتی ہے اور اس سے واضح ہوتا ہے کہ جس طرح سے گزشتہ برسوں میں دشمن روز بروز کمزور ہوتے گئے اور ایران مضبوط ہوتا گیا اسی طرح آئندہ بھی ہم اپنے ملک میں مزيد ترقی و خوشحالی کا مشاہدہ کریں گے۔

انہوں نے امام خمینی رحمت اللہ علیہ، اسلامی انقلاب، مقدس دفاع، ملک کی سیکورٹی اور مقدس مقامات کے تحفظ  کے دوران شہید ہونے والوں کو یاد کیا اور کہا کہ محرم کے موقع پر ہمیں اپنے ذہن میں یہ بات رکھنی چاہیے کہ شہادت کی سرخ راہ جاری ہے اور اسلامی انقلاب کے دلدادہ، رضاکار اور مسلح افواج، سپریم کمانڈر کے شانہ بشانہ ہمیشہ اسلامی انقلاب اور اقدار کے دفاع  کے لئے آمادہ ہيں اور اس اہم ذمہ داری کی طرف سے ایک لمحے کے لئے بھی غافل نہيں ہوں گے۔

ٹیگس