اغیار کی مداخلت مسائل کے پیچیدہ ہونے کا باعث ہے: صدر ایران
ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ بیرونی مداخلت علاقائی مسائل کو پیچیدہ بناتی ہے۔
سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے آرمینیا کے وزیر خارجہ ارارات میرزویان سے ملاقات میں خطے کے ممالک کی طرف سے علاقائی مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران آرمینیا کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے اور دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کے فورغ کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ صدر کا کہنا تھا کہ ایران آرمینیا اور آذربایجان کے درمیان امن مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔
اس ملاقات میں آرمینیا کے وزیر خارجہ نے قفقاز کے علاقے کی صورتحال کے حوالے سے ایران کے موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ آرمینیا کبھی بھی ایران مخالف اقدامات کا پلیٹ فارم نہیں بنے گا ۔انہوں نے ایران کے ساتھ تعلقات کو اپنے ملک کے لیے بہت اہم قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔