فلسطینی کیمپ عین الحلوہ میں جاری جھڑپوں پر ایران کی گہری تشویش
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جنوبی لبنان میں فلسطینی کیمپ عین الحلوہ میں جاری جھڑپوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے جنوبی لبنان میں فلسطینی کیمپ عین الحلوہ میں متحارب فریقوں سے جھڑپوں کا سلسلہ بند کرنے اور تمام فریقوں سے فائر بندی پر عمل کرنے اور پر سکون رہنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت فلسطین میں اتحاد و یکجہتی کی ماضی سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ فلسطینی عوام کے تمام مسائل و مشکلات اورعلاقے میں بد امنی اورعدم استحکام کی اصل وجہ غاصب صیہونی حکومت ہے، اس لئے ضروری ہے کہ تمام فلسطینی دھڑے اور گروہ دانشمندی کا ثبوت دیتے ہوئے ساری توجہ غاصب صیہونی دشمن پر مرکوز رکھیں اور غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کیلئے نیز فلسطینیوں کی وطن واپسی، ایک آزاد فلسطیلنی حکومت کے قیام اور پورے فلسطین میں ایسی متحدہ مملکت کی تشکیل کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کریں کہ جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔
واضح رہے کہ ان جھڑپوں میں اب تک 8 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوئے۔