بڑی طاقتیں، ایران سے دفاعی فضائی سازوسامان کی خریداری کی خواہاں: جنرل حاجی زادہ
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے کہا ہے کہ بڑی طاقتیں، ایران سے دفاعی فضائی سازوسامان کی خریداری کی خواہاں ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایئرواسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حاجی زادہ نے کہا ہے کہ ایران میں میزائل اور ڈرون توانائی کو مزید فروغ دیئے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ آج بڑی طاقتیں جو کبھی کئی واسطوں سے بھی گفتگو کرنا پسند نہیں کرتی تھیں، اسلامی جمہوریہ ایران سے جدیدترین فضائی جنگی سازوسامان کی خریداری کی خواہاں ہیں۔
ایران کی سپاہ پاسداران کی ایئرواسپیس فورس کے کمانڈر نے کہا کہ آج امریکہ کی سرکردگی میں مغرب ایران کی معیشت کو کمزور بنانے کی کوشش کر رہا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے دشمنوں نے اپنے سارے وسائل و ذرائع ایک جگہ جمع کر لئے ہیں تاکہ ایران کو نقصان پہنچا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کی افواج نے دشمنوں کی یلغار کے مقابلے میں ملک و قوم کے دفاع کے لئے ہر طرح کے ضروری وسائل کی تیاری میں خودکفالت حاصل کی اور دشمنوں کی تمام سازشوں پر پانی پھیر دیا۔