Aug ۲۵, ۲۰۲۳ ۲۰:۴۷ Asia/Tehran
  • وزیر اعظم مودی کے فارسی ٹوئیٹ کا زبردست خیرمقدم

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے صدر ایران ابراہیم رئیسی کے ساتھ ملاقات سے متعلق ٹوئیٹر اکاؤنٹ سے فارسی میں پیغام جاری کیا ہے جس کا ایران اور ہندوستان کے سیاسی و سماجی حلقوں میں زبردست خیر مقدم ہوا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے صدر ایران سید ابراہیم رئیسی سے جوہانسبرگ میں جمعرات کو ملاقات کی تھی۔ جمعرات کو ہی ملاقات کے بعد نریندر مودی نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس ( سابقہ ٹوئیٹ) پر اپنے اکاؤنٹ سے فارسی زبان میں پیغام جاری کیا۔

انہوں نے اس پیغام میں لکھا ہے کہ "صدر ابراہیم رئیسی سے میری بہت اچھی ملاقات ہوئی۔ مجھے خوشی ہے کہ ایران برکس میں شامل ہو رہا ہے۔ ہم نے ہندوستان اور ایران کے درمیان تجارتی اور ثقافتی تعاون کو مضبوط بنانے کی راہوں سے متعلق تبادلۂ خیال کیا اور جائزہ لیا۔"

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے فارسی میں جاری شدہ پیغام کا ایرانی اور ہندوستانی سیاسی و سماجی حلقوں میں بھی زبردست خیرمقدم ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا صارفین نے بھی نریندر مودی کے اس اقدام کو سراہا ہے۔ نریندر مودی نے یہی پیغام انگریزی میں بھی ٹوئیٹ کیا ہے۔

دریں اثنا، چین کے صدر شی جن پنگ اور ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی برکس اجلاس کے موقع پر ملاقات اور دو طرفہ تعلقات اور سرحدی کشیدگی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق شی جن پنگ نے نریندر مودی سے گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ فریقین کے تعلقات میں بہتری دونوں ممالک کے عوام کے حق میں ہے اور ساتھ ہی علاقائی اور عالمی سطح پر امن و آشتی کے فروغ اور تقویت میں بھی مؤثر ہے۔

رویٹرز نے بھی ہندوستان کی وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس ملاقات میں وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی چینی صدر کے ساتھ سرحدی تنازعے کا معاملہ اٹھایا اور اس حوالے سے نئی دہلی کو لاحق تشویش سے انہیں آگاہ کیا۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ نے مزید بتایا کہ نریندر مودی نے گفتگو کے دوران سرحد پر امن و آشتی کی فضا کے تحفظ پر زور دیا اور کہا کہ آپسی تعلقات کے معمول کے مطابق آگے بڑھنے میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول کا پاس و لحاظ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ پہلا اتفاق ہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نے چینی صدر کے ساتھ براہ راست سرحدی تنازعے پر بات چیت کی ہے۔

ٹیگس