عراق جانے والے پاکستانی زائرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ
عراق میں جاری اربعین ملین مارچ میں شرکت کی غرض سے ایران پہنچنے والے پاکستانی زائرین کی تعداد بیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ایک طرف جہاں پاکستانی زائرین کی ایران آمد کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، وہیں دوسری جانب زائرین کو طبی و رفاہی سہولیات بھی بڑے پیمانے پر ایران میں فراہم کی جا رہی ہیں۔ اسی تناظر میں جہاں زاہدان میں متعدد بڑے موکب سرگرم عمل ہیں وہیں سرحدی علاقوں میں بھی طبی کیمپ اور موکب پاکستانی زائرین کی خدمت میں مصروف ہیں۔
ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں ہلال احمر کمیٹی کے سربراہ نے بتایا کہ گزشتہ دس دن کے دوران پاکستان سے آنے والے زائرین کرام میں سے تقریبا دو ہزار افراد کو مختلف قسم کی امدادی اور انسان دوستانہ امداد فراہم کی جا چکی ہے۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ ایران کی سرحدوں سے اب تک سترہ لاکھ زائرین عراق کی جانب کوچ کر چکے ہیں۔ ادارہ ایمیگریشن اور پاسپورٹ کے سربراہ علی ذوالقدر نے بتایا کہ اس وقت عراق کی جانب ایران کی، چھے زمینی سرحدیں کام کر رہی ہیں۔ علاوہ زائرین، ایران کے مختلف شہروں سے ہوائی راستوں کے ذریعے بھی عراق کا سفر کر سکتے ہیں۔ ایران میں رہنے والے غیر ملکیوں کے لئے شلمچہ بارڈر اور غیر مقیم غیر ملکیوں کے لئے چذابہ بارڈر کو مخصوص کیا گیا ہے۔