Sep ۰۲, ۲۰۲۳ ۱۵:۱۳ Asia/Tehran
  • پاکستانی زائرین کے لئے ایران کی خصوصی ٹرین

اسلامی جمہوریہ ایران کے جنوب مشرقی ریلوے کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ پاکستانی زائرین کو لے کر ایک خصوصی ٹرین کرمان میں واقع شہید قاسم سلیمانی ریلوے اسٹیشن کی جانب روانہ ہوگئي ہے۔

سحرنیوز/ ایران: ایران کے جنوب مشرقی ریلوے کے ڈائریکٹر حمید بہادری نے ہفتے کو ارنا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی زائرین ٹرین کے ذریعے کرمان کے ریلوے اسٹیشن جائيں گے اور وہاں سے انہیں صوبۂ سیستان و بلوچستان کی پولیس انتظامیہ کی پلاننگ کے مطابق مغربی سرحدوں کی جانب روانہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے محمکۂ ریلوے نے حضرت امام حسین ع کے زائرین کی سہولت کے لئے خرمشہر سے شملچہ تک چند ریل بسیں چلائی ہیں تاکہ رات دن زائرین کو کرائے کے بغیر شلمچے روانہ کیا جائے۔

ایک اور خبر یہ ہے کہ صوبۂ کرمان کے گورنر ہاؤ‎س کے شعبہ ثقافت کے نائب کو آرڈی نیٹر سید مصطفی آیت اللہی موسوی نے کہا ہے کہ صوبۂ سیستان و بلوچستان سے صوبۂ کرمان میں داخل ہونے والے پاکستانی زائرین کو بسیں فراہم کرنے کے لئے مختلف اداروں سے ضروری ہم آہنگی ہو چکی ہے اور ماہان موکب سے دو ہزار افراد کو عراق کی سرحدوں پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ٹیگس