ملک اقتصادی، سماجی اور ثقافتی میدانوں میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے: صدر ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ملک اقتصادی، سماجی اور ثقافتی میدانوں میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے جنوبی خراسان صوبے میں علماء، ذاکرین اور مذہبی دانشوروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
سحر نیوز/ ایران: صدرمملکت نے کہا کہ دشمن پہلے دن سے اسلامی جمہوریہ ایران کی ترقی و پیشرفت کا راستہ روکنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اسے ہمیشہ ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔
سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ دشمن نے جب یہ دیکھا کہ اس کی کھڑی کردہ تمام تر رکاوٹوں اور فتنوں کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران دیگر اقوام کے لیے نمونہ بن چکا ہے اور پابندیوں کو مواقع میں بدل کر مختلف شعبوں میں ترقی کر رہا ہے تو وہ ملک میں فسادات اور بلووے کرانے پر اترآیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ آج کی جنگ ارادوں کی جنگ ہے اور دشمن ذہن سازی کے ذریعے اپنی منشا ہم پر مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن ناکام رہے گا۔
صدر نے کہا کہ ایرانی قوم نے اب تک دشمنوں کی متعدد سازشوں کو ناکام بنایا ہے اور اس بار بھی فتح و نصرت اس کے قدم چومے گی۔