Sep ۲۸, ۲۰۲۳ ۰۹:۴۹ Asia/Tehran
  • یورپی ممالک، آزادی کے نام پر نفرت انگیز اقدامات کو دہرانے سے گریز کریں: ایران

ایران نے ہالینڈ میں قرآن کریم کی توہین کی تکرار کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ہالینڈ میں قرآن کریم کی توہین کی تکرار کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہالینڈ کی حکومت، دنیا کی 2 ارب سے زائد مسلم آبادی کی مذہبی اقدار اور مقدسات کی توہین کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو سمجھے اور آزادی کے نام پر ایسے نفرت انگیز اقدامات کو دہرانے سے گریز کرے۔
یاد رہے کہ انتہا پسند اسلام مخالف گروہ پیگیڈا کے سرغنہ اڈوین واگنسولڈ نے ہالینڈ میں ترکی کے سفارت خانے کے سامنے 23 ستمبر بروز ہفتہ کو ایک گھناؤنی حرکت انجام دیتے ہوئے ایک بار پھر قرآن کریم کی بے حرمتی کی۔
قرآن مجید کی توہین کے خلاف ایران اور پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں زبردست احتجاج ہوا اور اس کی مذمت کی گئی جبکہ اسلامی تعاون تنظیم نے آزادی اظہار کے نام پر قرآن مجید اور دیگر مذہبی کتابوں کے تقدس کو مجروح کرنے کی تمام کوششوں کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایسے اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف متحد ہوجائیں ۔
او آئی سی نے اس بات پر زور دیا کہ اظہار رائے کی آزادی کا استعمال ذمہ داری اور فرض کے احساس کے ساتھ ہونا چاہیے۔ متفقہ کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے او آئی سی نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ سویڈن اور ڈنمارک سمیت ان ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات میں مناسب فیصلے اور اقدامات کرنے پر غور کریں جہاں قرآن کی بے حرمتی ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ یورپی ممالک اس نوعیت کی حرکتوں کو روکنے کے بجائے، اسے آزادی اظہار کے بہانے اور بھی فروغ دے رہے ہیں، جبکہ انہی ممالک میں صیہونی حکومت اور غیر اخلاقی مسائل کے خلاف اٹھنے والی ہر طرح کی آواز کا گلا گھونٹ دیا جاتا ہے۔

ٹیگس