Oct ۰۲, ۲۰۲۳ ۰۹:۴۰ Asia/Tehran
  •  ایران میں متعدد خود کش حملوں کا منصوبہ ناکام

اسلامی جمہوریہ ایران کے انٹیلی جنس کے وزیر نے ایران میں بم دھماکوں اور خودکش حملوں سمیت ملک میں بدامنی اور دہشت گردی کی بڑی سازش کو ناکام بنانے کی خبر دی ہے۔

سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے انٹیلجنس کے وزیر حجت الاسلام اسماعیل خطیب نے دارالحکومت تہران میں بم کے درجنوں دھماکے کرنے کی سازش ناکام بنانے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ دشمنوں نے تہران میں ایک دن میں تیس بم دھماکے کرنے کی سازش تیار کی تھی جس کو ناکام بنا دیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایران میں وسیع پیمانے پر بدامنی پھیلانے کے لئے مختلف شہروں میں بم بنانے کے مراکز قائم کئے تھے جن کا پتہ لگا کر ان کے عوامل کو گرفتار کرلیا گیا۔

 ایران کے انٹیلی جنس کے وزیر کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والوں میں تکفیری اور ایران مخالف دہشت گرد گروہوں کے عناصر شامل ہیں جنہیں علاقے کے بعض ملکوں میں تربیت دی گئی تھی۔

 انھوں نے بتایا کہ  گزشتہ دنوں عوام کے درمیان خودکش دھماکوں کے متعدد منصوبوں کا پتہ لگا کر انہیں ناکام بنادیا گیا۔ اور یورپ، جرمنی، ڈنمارک، ہالینڈ، امریکہ اور صیہونی حکومت ایران کے خلاف سازشیں کرنے اور ایران کے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایران کے انٹیلیجنس کے وزیر نے بتایا کہ دشمن نے 30 ستمبر کو ایران میں متعدد دہشت گردانہ حملوں کا منصوبہ تیار کیا تھا تاکہ اس طرح قومی اور مذہبی اختلاف پیدا کرسکے لیکن سیکورٹی اداروں نے اس سازش کو بھی ناکام بنادیا۔  

ٹیگس