Oct ۰۲, ۲۰۲۳ ۱۰:۱۳ Asia/Tehran
  • اربعین ملین مارچ  کے شرکاء کی پذیرائی میں برادران اہلسنت پیش پیش

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا ہے کہ کربلائے معلی میں روضہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے قریب بین الاقوامی اجلاس میں دنیا کے 62 ملکوں کے مندوبین شرکت کریں گے جن میں زیادہ تعداد اہلسنت کی ہوگی ۔

سحرنیوز/ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے ایک سیمینار سے خطاب میں اربعین حسینی کے موقع پرعراق میں زائرین کی خدمت کے لئے موکب لگانے والوں کو اربعین حسینی کی شان قرار دیا۔

جنرل قاآنی نے کہا کہ اس سال اربعین مارچ اور اس موقع پر موکب لگانے والوں میں برادران اہلسنت کی تعداد گزشتہ برسوں سے زیادہ تھی۔

جنرل قاآنی نے کہا کہ اربعین حسینی میں شریک ہونے والے زائرین کی تعداد ہر سال بڑھ رہی ہے اور مختلف عقائد و افکار کے لوگ جوق در جوق اس میں شرکت کے لئے عراق پہنچتے ہیں ۔

پاسداران انقلاب اسلامی کی سپاہ قدس کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ بہت جلد کربلائے معلی میں بارگاہ حسینی کے قریب ایک بین الاقوامی اجلاس منعقد ہوگا جس میں دنیا کے 62 ملکوں کے  مندوبین شرکت کریں گے۔ انھوں نے بتایا کہ اس بین الاقوامی اجلاس میں شرکت کرنے والے مندوبین میں زیادہ تر اہلسنت ہوں گے۔

 جنرل قآآنی نے بتایا کہ کربلائے معلی میں بارگاہ حسینی کے قریب منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی اجلاس میں عالم اسلام کے اہم ترین موضوع یعنی مسئلہ فلسطین پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور یہ اربعین حسینی کی برکت ہے کہ یہ تحریک ہر گزرنے والے دن کے ساتھ تیز تر ہو رہی ہے۔

جنرل قاآنی نے سردار محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی کی مجاہدت اور اربعین کی سیکیورٹی میں ان کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی ان ہستیوں میں سے ہیں جنہوں نے اس میں بنیادی کردار ادا کیا اور اگر شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس اور عراقی عوام کی مجاہدت نہ ہوتی تو آج اربعین  مارچ اس زور و شور سے منعقد نہ ہوتا۔

ٹیگس