Oct ۰۳, ۲۰۲۳ ۱۰:۲۲ Asia/Tehran
  • ایران کے صدر نے عید میلادالنبی (ص) کی مناسبت سے اسلامی ملکوں کے سربراہوں کو مبارکباد دی

ایران کے صدر نے رسول اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے اسلامی ملکوں کے سربراہوں کے نام مبارکباد کے پیغام ارسال کئے ہیں۔

سحرنیوز/ایران: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے  اسلامی ملکوں کے سربراہوں کے نام اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا ہے کہ سیرت پیغمبر اکرم (ص) ہمیشہ بشریت کے لئے راستہ دکھانے والی اور ہدایت کرنے والی رہی ہے اور سیرت النبی انسان کے کمال اور تقرب الہی کی منزلوں تک پہنچنے کے لئے اسوہ حسنہ ہے۔ 
صدر مملکت نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ اسلام آزادی اور مساوات کا دین ہے اور قرآن کریم کتاب رحمت و حکمت الہی ہے اور آسمانی کتاب قرآن کریم کی بے حرمتی، انسانیت، آزادی اور انسانی اقدار کی توہین ہے ۔
ایران کے صدر نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، ان نفرت انگيز اقدامات کی جو دنیا کے بعض علاقوں میں انجام دیئے جاتے ہیں اور جو مسلمانوں کے قلوب کے مجروح ہونے کا باعث بنتے ہیں ان کی مذمت کرتا ہے۔
سید ابراہیم رئیسی نے میلادالنبی کی مناسبت سے  اپنے مبارکباد کے پیغام میں امید ظاہر کی کہ اس میلاد مبارک کی برکت اور قرآن کریم نیز سیرت پیغمبر اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدد اور  مسلمین عالم نیز اسلامی ملکوں کے رہنماؤں کے عزم و ارادے سے ہم مسلم اقوام کے درمیان اتحاد و یکجہتی میں روز افزوں فروغ اور پوری دنیا میں اسلام کی سربلندی کا مشاہدہ کریں گے۔

ٹیگس