ایران پاکستان کا صرف ہمسایہ ملک ہی نہیں بلکہ برادر ملک بھی ہے: ایران
اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے وزرائے صحت نے باہمی تعاون میں توسیع کے بارے میں مذاکرات کئے ہیں۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کے وزیر صحت بہرام عین اللہی اور پاکستان کے نگران وزیر صحت ندیم جان نے قاہرہ میں صحت کی عالمی تنظیم کی علاقائی کمیٹی کے اجلاس کےموقع پر آپس میں ملاقات اور باہمی تعاون میں توسیع کے بارے میں مذاکرات کئے۔
پاکستان کے نگران وزیر صحت ندیم جان نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کی تقویت کے سلسلے میں ایرانی حکام کے برادرانہ اور مثبت نقطہ نظر کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کی جڑیں مشترکہ دین، تاریخ اور ثقافت میں پیوست ہیں۔
ایران کے وزیر صحت نے بھی کہا کہ ایران پاکستان کو صرف ایک ہمسایہ ہی نہیں بلکہ برادر ملک بھی سمجھتا ہے۔
ایران اور پاکستان کے وزرائے صحت نے حفظان صحت سے متعلق مشکلات کا جائزہ لیا اور دونوں ممالک اور خطے کے عوام کی بہتری کے لئے ان مشکلات کے حل کے راستے تلاش کئے۔
عین اللہی اور ندیم جان کے درمیان طے پایا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے حفظان صحت کے نظام میں بہتری کی خاطر دونوں ملکوں میں بہترین طریقے اختیار کئے جائيں۔