Oct ۳۱, ۲۰۲۳ ۱۰:۰۱ Asia/Tehran
  •  بین الاقوامی فوجداری عدالت سے غزہ کی صورتحال کی تحقیقات تیز کرنے کا ایران کا مطالبہ

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کےنمائندے نے بین الاقوامی فوجداری عدالت سے فلسطین کی صورتحال بالخصوص غزہ کے تباہ کن حالات کی مجرمانہ تحقیقات میں تیزی لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

سحرنیوز/ ایران: اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے نے کہا کہ بلا شبہ غزہ میں ہونے والے جرائم، بین الاقوامی فوجداری عدالت کے قوانین کے تحت بین الاقوامی جرائم کے مصداق ہیں - ایران کے نمائندے نے کہا کہ بین الاقوامی انسان دوستانہ قانون کی سنگین خلاف ورزی، قتل عام، شہریوں کی جبری منتقلی، شہری انفراسٹرکچر کی تباہی، گنجان آباد مراکز، اسپتالوں اور اسکولوں پر بمباری، اور بھوک کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا عالمی تشویش کا باعث ہیں۔ اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ یہ تشویش جنرل اسمبلی کی اس قرار داد سے ظاہر ہوتی ہے جو ستائیس اکتوبر دوہزار تیئیس کو منظور کی گئی تھی، بین الاقوامی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین کی صورتحال کےبارے میں تحقیقات میں سہولت فراہم کرے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے جمعہ ستائیس اکتوبر دوہزار تیئیس کو فلسطین کے حوالے سے اپنے ہنگامی اجلاس میں فلسطینی مزاحمت اور صیہونی حکومت کے درمیان تنازعات کے حوالے سے عرب ممالک کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد کی منظوری دی اور غزہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی عمل میں لائے جانے اور دشمنی کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس قرارداد کے حق میں ایک سو بیس ووٹوں کے مقابلے میں چودہ مخالفت میں ڈالے گئے جبکہ پینتالیس نے ووٹنگ میں حصہ نہيں لیا اور امریکہ نے اس قرارداد کی مخالفت ميں ووٹ دیا۔ اس قرارداد کو جنرل اسمبلی میں ایسے میں منظور کیا گیا کہ اس سے قبل سلامتی کونسل میں قرارداد کی منظوری کے لیے چار مرتبہ کوششیں کی گئی لیکن ہر مرتبہ یہ کوشش ناکام رہی۔

ٹیگس