ہمسایہ اور مسلمان ممالک کے ساتھ روابط کا فروغ ترجیحات میں شامل: صدر ایران
ایران کے صدر نے تاجیکستان اور ازبکستان کے اپنے دوروں میں شامل پروگراموں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی خارجہ پالیسی میں پڑوسی، مسلمان اور یکجہتی رکھنے والے ملکوں کو اولویت حاصل ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے تاجیکستان کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل مہرآباد ایرپورٹ پر اپنے اس دورے کے پروگراموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وسطی ایشیا کا علاقہ ایسے ممالک پر مشتمل ہے جو کافی توانائی کا مالک ہے اور ان ممالک کے ساتھ ایران کے روابط اور تعلقات کا فروغ حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
سید ابراہیم رئیسی نے تاجیکستان کے بعد ازبکستان کے اپنے دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان دوروں میں ان ملکوں کے حکام سے خاصطور سے غزہ کے بارے میں گفتگو ہوگی اس لئے کہ پوری دنیا کو اس علاقے کے عوام کی المناک صورت حال کے بارے میں گہری تشویش لاحق ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ان ملکوں کے ساتھ ایران کے تعلقات کے فروغ کو خاص اہمیت حاصل ہے اور ان دوروں میں اس سلسلے میں مختلف دستاویزات پر دستخط کئے جائیں گے۔ انھوں نے کہاکہ تاشقند میں ای سی او کے اجلاس کا موضوع اس سے قبل کے اس کے اجلاس کے طے شدہ امور کو آگے بڑھانا ہے۔ قابل ذکر ہےکہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی، تاجیکستان کے صدرامام علی رحمان کی دعوت پر آج تہران سے دوشنبہ کے لئے روانہ ہو گئے۔