Nov ۲۷, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۴ Asia/Tehran
  • ایران اور ترکیہ کے صدور کی ٹیلیفونی گفتگو، امریکہ کو غزہ کے بارے میں فیصلہ کرنے کا حق نہیں ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ غزہ کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ غزہ کے عوام کریں گے، امریکا کو غزہ کے عوام کے لئے فیصلہ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

سحرنیوز/ایران: صدر مملکت ابراہیم رئیسی نے اتوار کی رات کو ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں کہا کہ غزہ کے عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حماس کی حکومت عوامی ووٹوں سے تشکیل پانے والی ایک قانونی حکومت ہے، غزہ کے عوام کی نمائندگی میں وہ اس بارے میں فیصلہ کرے گی اور امریکہ کو غزہ کے عوام کے امور میں مداخلت کرنے اور ان کے بارے فیصلے کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ صدر ایران نے کہا کہ اس سلسلے میں امریکا جو بھی اقدام کرے گا اس میں ناکام رہے گا۔ ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امریکہ غزہ کے عوام کا قاتل ہے کہا، غزہ کے مستقبل میں کسی بھی امریکی مداخلت، فلسطینیوں کے خلاف اس ملک کے جرائم کا تسلسل ہے۔ صدر مملکت نے غزہ کے خلاف صیہونی حکومت کے ہولناک جرائم اور غزہ کے مظلوم عوام کے قتل عام میں امریکیوں کی شمولیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، اقوام عالم کی نظر میں امریکی حکومت کی رسوائی اور اس کے بے اعتبار ہونے پر زور دیا اور کہا کہ غزہ کے عوام، حماس کے ذریعے جو عوامی ووٹوں سے وجود میں آنے والی ایک قانونی حکومت ہے، غزہ کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکیوں کو غزہ کے عوام کے امور میں مداخلت کرنے اور ان کے بارے میں فیصلے کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، اور اس سلسلے میں ان کا ہر اقدام ناکامی پر منتج ہوگا۔

ٹیگس