Dec ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۵ Asia/Tehran
  • اسرائیلی صدر کی شرکت کی وجہ سے ایران نے موسمیاتی تبدیلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا

ایران کے بجلی کے وزیر کے زیر قیادت اسلامی جمہوریہ ایران نے متحدہ عرب امارات میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منعقدہ بین الاقوامی اجلاس میں غاصب صیہونی حکومت کے سربراہ کی شرکت کے خلاف بطور احتجاج اس اجلاس کا بائیکاٹ کیاہے۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کے بجلی کے وزیر کی زیر قیادت ایران کا وفد صدر مملکت کی نمائندگی کرنے کے لئے کل رات ایسی حالت میں سی او پی کے اس اجلاس میں شرکت کے لئے متحدہ عرب امارات روانہ ہوا تھا کہ اس اجلاس میں غاصب صیہونی حکومت کے صدر ہرتزوک کی شرکت کے بارے میں بالکل کوئی اطلاع نہیں تھی۔اس اجلاس کو ترک کرتے ہوئے ایران کے بجلی کے وزیر علی اکبر محرابیان نے کہا کہ اس اجلاس میں شرکت کے لئے دنیا کے ڈیڑھ سو ملکوں کے سربراہوں کو دعوت دی گئی تھی اور صورت حال کے جائزے سے ایسا لگ رہا تھا کہ اس اجلاس میں صیہونی حکام کی شرکت نہیں ہو گی۔ جبکہ ایرانی وفد چاہتا تھا کہ اس بین الاقوامی اجلاس میں شرکت کے موقع سے استفادہ کرتے ہوئے مختلف ملکوں کے حکام سے ملاقات میں مظلوم فلسطینیوں کی حمایت و دفاع پر بات چیت کرے۔ مگر جب سربراہوں اور اعلی حکام کی تقاریر کے دوران اس بات کا پتہ چلا کہ سی او پی کے اس اجلاس میں غاصب صیہونی حکومت کے سربراہ بھی شرکت کر رہے ہیں تو انھوں نے احتجاج کے طور پر اور اس اجلاس کو کانفرنس کے اسٹریٹیجک مقاصد کے منافی قرار دیتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا اور کانفرنس کو ترک کر کے چلے گئے۔

دوسری جانب فلسطین کی تحریک حماس نے متحدہ عرب امارات میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منعقدہ بین الاقوامی اجلاس میں غاصب صیہونی حکومت کے سربراہ کی شرکت کی شدید مذمت کی ہے۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منعقدہ بین الاقوامی اجلاس میں غاصب صیہونی حکومت کے صدر ہرتزوک کو شرکت کا موقع فراہم کئے جانے کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔

حماس کے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منعقدہ بین الاقوامی اجلاس میں غاصب صیہونی حکومت کے صدر ہرتزوک کو شرکت کا یہ موقع ایسی حالت میں دیا گيا ہے کہ صیہونی فوج نے غزہ میں فلسطینیوں اور خاصطور سے فلسطینی بچوں اور عورتوں کے خلاف وحشیانہ ترین جرائم کا ارتکاب کیا ہے اور فلسطینیوں کی نسل کشی کی ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق سی او پی کے اٹھائیسویں اجلاس میں مختلف ملکوں کے اعلی حکام موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے مسائل کو کنٹرول اور اپنی آمادگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ سی او پی یا کاپ کے اس اجلاس کے شرکا موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مسائل و مشکلات کا جائزہ لیں گے۔

ٹیگس