Dec ۰۳, ۲۰۲۳ ۱۵:۵۸ Asia/Tehran
  • غزہ کے 6 ہزار فلسطینی بچوں کے قاتلین خدا کے انتقام سے نہیں بچ سکیں گے: صدرابراہیم رئیسی

ایران کے صدر نے کہا ہے کہ غزہ میں چھے ہزار فلسطینی بچوں کے قاتلین خدا کے انتقام سے نہیں بچ سکیں گے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کےصدرسیدابراہیم رئیسی نے آئین کے نفاذ کی ذمہ داری کے زیر عنوان دوسرے قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ہماری جانب سے غزہ اور فلسطین کی حمایت ملک کے بنیادی آئين پراستوار ہے۔

انھوں نے کہا کہ مظلومین کی حمایت ملک کے آئين کے مطابق ہماری خارجہ پالیسی کے بنیادی اصولوں ميں شامل ہے اسی بنا پر ہم نے انقلاب کے آغاز سے ہی فلسطین کی حمایت کی ہے۔

صدر ایران نے کہا کہ دنیا کے سیاسی حالات اور علاقے کے بعض رجحانات سے ہم اپنی خارجہ پالیسی کے بنیادی اصولوں سے روگردانی نہیں کرسکتے۔

سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ صیہونی حکومت کی نسل پرستی، اور مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ ظلم و بے انصافی نیز ان کا قتل عام آج کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔

صدرمملکت نے کہا کہ فلسطینی بچوں کے خون نے سب پر حقائق روشن کردیئے ہیں اور پوری دنیا میں جو عظیم اجتماعات اور مظاہرے ہورہے ہیں وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے مظالم اور نسل پرستی سے دنیا واقف ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ خداوند عالم چھے ہزار فلسطینی بچوں کی مظلومانہ شہادت کا انتقام لے گا اور غیر قانونی ظالم صیہونی حکومت نابود ہوجائے گی۔

ٹیگس