عالمی فوجداری عدالت ثابت کرے کہ وہ بڑی طاقتوں کی غنڈہ گردی اور دباؤ میں نہیں آئے گا: ایران
ایران نے کہا ہے کہ عالمی فوجداری عدالت یہ ثابت کرے کہ وہ آزاد اورغیر جانبدار ہے اور بڑی طاقتوں کی غنڈہ گردی اور ان کے دباؤ میں نہیں آئے گا۔
سحر نیوز/ ایران: اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کی نائب مندوب اور سفیر زہرا ارشادی نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے منشور روم کی جنرل اسمبلی کے بائیسویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرزمین فلسطین پر پچھتر سال سے ظالمانہ قبضہ جاری ہے اور اس وقت فلسطینیوں کی نسل کشی ہورہی ہے اور پوری فلسطینی قوم کی نابودی کا خطرہ ہے۔ ان حالات میں دنیا کو بین الاقوامی فوجداری عدالت سے توقع ہے کہ غزہ میں وحشیانہ ترین جرائم، عام شہریوں ، عورتوں اور بچوں کے قتل عام کے مرتکبین کو بغیر سزا کے نہیں چھوڑے گی۔
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کی نائب مندوب زہرا ارشادی نے کہا کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کو یہ ثابت کرنا ہے کہ وہ ایک آزاد، خودمختار اور غیر جانبدار ادارہ ہے جو بڑی طاقتوں کی غنڈہ گردی اور ان کے دباؤ میں آئے بغیر انصاف کی فراہمی میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرتا ہے۔