Dec ۱۰, ۲۰۲۳ ۰۹:۱۸ Asia/Tehran

صدر ایران نے شام کے وزیراعظم سے گفتگو میں تاکید کی ہے کہ فلسطینیوں کے طوفان الاقصی آپریشن سے مزاحمت کی سرحدیں علاقے سے باہر پوری دنیا میں پھیل گئی ہیں۔

سحرنیوز/ایران: صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے تہران میں شام کے وزیراعظم حسین عرنوس سے گفتگو میں کہا ہے کہ جس طرح سے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے مقابلے میں عراق، شام، یمن اور لبنان کی قومیں کامیاب ہوئی ہیں فلسطینی قوم بھی کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے شام سے امریکہ و صیہونی حکومت کی دشمنی کی وجہ اس ملک کی حکومت اور قوم کی استقامت اور امریکہ و صیہونی حکومت کے پروردہ دہشت گرد گروہوں کو شکست دے کر علاقے میں ان کے ناپاک منصوبے پر پانی پھیرنا قرار دیا۔ سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ فلسطین کی تحریک استقامت نے اپنے بل بوتے پر غاصب صیہونی حکومت اور اس کے حامی امریکہ کو ناکوں چنے چبوادیئے۔ صدر مملکت نے عالمی رائے عامہ میں غاصب صیہونی حکومت اور اس کے حامی امریکہ سے بڑھتی نفرت کی وجہ بھی گذشتہ تینتالیس برسوں میں صیہونی حکومت کے جعلی و مجرم ہونے کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کی حقانیت کی علامت قرار دیا۔ اس ملاقات میں شام کے وزیر اعظم نے بھی صدر ایران کے حالیہ دورہ دمشق کو دونوں ملکوں کے اسٹریٹیجک اور تاریخي تعلقات میں سنگ میل سے تعبیر کیا۔

ٹیگس