Dec ۲۰, ۲۰۲۳ ۱۱:۱۵ Asia/Tehran
  • ایران: امریکا کو غزہ کی جنگ ميں سیاسی اور اخلاقی شکست ہوئی

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اب تک غزہ جنگ کے فاتح فلسطینی عوام ہیں اور امریکی حکومت اس جنگ میں اخلاقی و سیاسی شکست سے دوچار ہوچکی ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے آج اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ صیہونی حکومت نے جو راستہ اختیار کیا ہے وہ مطلوبہ کامیابی تک پہنچانے والا نہيں ہے۔ ناصر کنعانی نے ایران کے وزيرخارجہ حسین امیرعبداللہیان اور تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ملاقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے فلسطین کی آزادی کی جدوجہد میں ملت فلسطین کے سب سے اہم حامی کی حیثيت سے حالیہ صورت حال میں شروع سے ہی غزہ کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحانہ اور مجرمانہ جنگ کے خاتمے اور فلسطینی عوام کی حمایت کے لئے علاقائی و عالمی سطح پر بڑے پیمانے پر سفارتی کوششیں انجام دی ہيں۔ ناصر کنعانی نے کہا کہ ایران اور فلسطین کی اسلامی استقامت کے درمیان جو قریبی تعلقات اور منظم صلاح و مشورے انجام پاتے رہتے ہیں اس کے پیش نظر تحریک حماس کے سربراہ اور ایران کے وزيرخارجہ کے درمیان غزہ کی سیاسی و جنگی صورت حال کے بارے میں گفتگو اور تبادلہ خیال انجام پایا اور اس ملاقات میں اسماعیل ہنیہ نے غزہ پٹی کی داخلی صورت حال اور جنگ کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ خوش قسمتی سے تحریک حماس کے سربراہ نے میدان جنگ میں استقامتی فورسس کی صلاحیتوں اور ان کے عزم و حوصلے پر روشنی ڈالی ہے۔ ناصر کنعانی نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ نے بتایا کہ استقامت داخلی سطح پر بھی میدان جنگ کے لحاظ سے بھی اور فوجی صلاحیتوں کے لحاظ سے بھی صیہونی دشمن کے جرائم کے باوجود نہایت بہترین پوزيشین کی حامل ہے۔

ٹیگس