سپاه پاسداران انقلاب اسلامی کا میزائل آپریشن، موساد کا اڈہ تباہ (ویڈیو)
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے جاسوسی کے ہیڈ کوارٹر کو تباہ اور خطے میں ایران مخالف دہشت گرد گروہوں کے اجتماع کو بیلسٹک میزائلوں سے تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گيا ہے کہ خطے میں ایران کے خلاف جاسوسی کے ہیڈ کوارٹر اور ایران مخالف دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا گيا ہے۔ بیان میں کہا گيا ہے کہ ان حملوں میں ان مقامات کو نشانہ بنایا گيا ہے جہاں، کرمان، راسک اور شام میں ہونے والے حملوں کی منصوبہ بندی کی گئی اور ان میں ملوث عناصر ان مقامات پر موجود تھے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بیان میں کہا گيا ہے کہ ایرانی عوام کے دشمن جہاں بھی پائے جائيں گے انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جاری کردہ تیسرے اعلامیےمیں کہا گيا ہے کہ عراقی کردستان ریجن میں قائم اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے ایک اہم مرکز کو بھی بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنا کر تباہ کردیا گیا۔ شام کے مقامی ذرائع کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بیلسٹک میزائلوں نے ادلب کے جبل السماق نامی علاقے میں دہشت گرد گروہ تحریر الشام اور حزب الترکستانی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔واضح رہے کہ داعش خراسان کے نام سے مشہور دہشت گردوں کی تربیت اسی علاقے میں کی جاتی ہے اور اس کے بعد امریکہ انہیں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے ایران میں داخل ہونے کے لیے افغانستان منتقل کرتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مبصرین اس کارروائی کو ایران کی طرف سے غاصب صیہونی حکومت کے لیے ایک واضح پیغام قرار دے رہے ہیں۔