اربیل میں ایرانی کارروائی عراق کے اقتدار اعلیٰ کے خلاف نہیں، ایران پاکستان تعلقات مستحکم: ایرانی وزارت خارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران، عراق کی سلامتی، اس کے اقتدار اعلیٰ اور ارضی سالمیت کا سب سے بڑا محافظ ہے اور یہ کہ اربیل میں ایرانی کارروائی عراق کے اقتدار اعلیٰ اور ارضی سالمیت کے خلاف نہیں ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ایران پریس خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ عراق کی سلامتی اور عراقی حکومت کی حمایت کے سلسلے میں تہران کا وعدہ ثابت ہوچکا ہے کہا کہ ایران، عراق کی سلامتی، اقتدار اعلیٰ اور ارضی سالمیت کا سب سے بڑا مدافع ہے اور اس ملک کے اتحاد اور یکجہتی کا حامی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پیر کے روز ہفتہ وار پریس بریفنگ میں غزہ میں صیہونی جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم فلسطینی قوم اور غزہ کے بے گناہ شہریوں کے خلاف صیہونی حکومت کے جنگی جرائم کو آج 108 دن پورے ہو رہے ہیں۔
ناصر کنعانی نے اربیل میں موساد کے ہیڈکوارٹر پر ایران کے میزائل حملے کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ دہشت گرد تنظیم موساد کے ہیڈ کوارٹر کے خلاف ایران کی کارروائی کا مقصد ایران کی سلامتی کے خلاف جارحیت کرنے والوں کو سزا دینا تھا نہ کہ عراق کی ارضی سالمیت و اقتدار اعلیٰ پر حملہ۔
حالیہ تغیرات کے بعد ایران پاکستان تعلقات کے بارے میں ناصر کنعانی نے کہا کہ ایران پاکستان تعلقات مستحکم، برادرانہ اور دوستانہ ہیں، ایرانی مسلح افواج کے خلاف متعدد مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے دہشت گرد گروہ کے خلاف کارروائی ایرانی شہریوں کی حفاظت کے دائرے میں تھی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے عالمی عدالت انصاف میں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کے جنوبی افریقہ کی حکومت کے ذمہ دارانہ، شرافت مندانہ، جرأت مندانہ اور انسان دوستانہ اقدام کی حمایت کی اور اس کو سراہا۔