Jan ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۶:۰۲ Asia/Tehran
  •  فلسطینی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے: ایران

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے اور یہ حق ریفرینڈم کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے کہا ہے کہ ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے دنیا کی تمام حریت پسند قوموں خاص طور سے فلسطینی قوم کی حمایت کی جاتی رہی ہے جس کا ثبوت اسلامی جمہموریہ ایران کے بانی امام خمینی رح کی جانب سے ماہ مبارک رمضان کے جمعتہ الوداع کو یوم القدس کا نام دیا جانا ہے۔ انھوں نے غزہ کے خلاف صیہونی جارحیت بند کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا کہ فلسطین کا نظم و نسق فلسطینیوں کے ہاتھوں چلنا چاہئے اوراس میں کسی کو مداخلت نہیں کرنی چاہئے۔

حسین امیرعبد اللہیان نے نیویارک میں سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر المانیٹر سے گفتگو میں فلسطین کے بارے میں ایران کی پالیسی پر روشنی ڈالتے ہوئے تاکید کی کہ فلسطینی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے اور یہ حق ریفرنڈم کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب کے اس اعلان نےکہ فلسطین اس کی ترجیحات میں شامل ہے ریاض کے ساتھ تل ابیب کے تعلقات کی برقراری کو مزید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اسی طرح تہران اور بغداد کے تعلقات کو مضبوط و مستحکم قرار دیا اور صیہونی حکومت کے لئے امریکی حمایت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اب تک غزہ میں جو کچھ رونما ہوا وہ امریکی حمایت کا نتیجہ ہے جبکہ جنگ و جارحیت سے صیہونی حکومت کو کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہوا ہے۔ انھوں نے تل ابیب کے لئے واشنگٹن کی کھلی حمایت اور اسی طرح یمن پر لندن اور واشنگٹن کی جارحیت پر سخت خبردار کیا اور کہا کہ فلسطین اور یمن کے عام شہریوں کا بیشتر قتل عام یورپ و امریکہ کے ہی بنائے ہوئے ہتھیاروں سے ہوا ہے جبکہ یہ ممالک انسانی حقوق کی حمایت کا سب سے زیادہ ڈھنڈورا پیٹتے ہیں۔

ٹیگس