Mar ۱۳, ۲۰۲۴ ۱۶:۰۷ Asia/Tehran
  • غزہ میں صدی کا بدترین انسانی المیہ رونما ہونے کا خطرہ

ایران کے وزیر خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں جاری نسل کشی سے صدی کا بدترین انسانی المیہ رونما ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، سلامتی کونسل کے چیئرمین، اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل، اسلامی اور دنیا کے تمام ملکوں کے وزرائے خارجہ کے نام اپنے مراسلے میں کہا ہے کہ ماہ مبارک رمضان کا آغاز ایسی حالت میں ہوا ہے کہ امریکہ کی دانستہ مخالفت اور اسرائيل نوازی کی بنا پر جنگ غزہ بند کرانے میں سلامتی کونسل کی ناتوانی کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے اور امریکہ کی جانب سے انسانیت سوز جرائم بند کرانے کی قراردادوں کو ویٹو کیا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ انسان دوستانہ امداد کی راہ میں صیہونی رکاوٹ ، غزہ میں نسل کشی اور غرب اردن میں جاری وحشیانہ ترین جرائم اور غربت و بھوک مری کو ہتھیار کے طور پر استفادہ کئے جانے کی بنا پر صدی کا سب سے بڑا انسانی المیہ جنم لینے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے ان تمام مسائل و مشکلات کی وجہ صیہونی جرائم اور اس کے نسل پرستانہ اقدامات کو قرار دیا اور ان اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں تمام عالمی اداروں، انسان دوستانہ تنظیموں اور تمام ملکوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

حسین امیرعبد اللہیان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بدترین حالات میں ان سے امید کی جاتی ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے اقوام متحدہ کے منشور کی شق نمبر ننانوے کی بنیاد پر موثر اقدامات عمل میں لاتے ہوئے صدی کا بد ترین انسانی المیہ روکنے کی کوشش کریں گے۔

ٹیگس