Mar ۲۹, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۹ Asia/Tehran
  • زیاد النخالہ کی رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات

رہبر انقلاب اسلامی نے مزاحمتی فورسیز اور غزہ کے عوام کو میدان کا فاتح قرار دیا اور فرمایا کہ غزہ اور فلسطین کے عوام کی عزت و استقامت کا اوج اور چھ مہینے کی جنگ میں صیہونی حکومت کو حاصل ہونےوالی ناکامیوں کے پیچھے خدا کا خاص لطف و کرم ہے۔

سحرنیوز/ایران: رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے جمعرات کی شام کو فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے سیکریٹری جنرل اور ان کے ہمراہ وفد کےساتھ ملاقات میں غزہ کے عوام کے قتل عام میں صیہونی حکومت کے روزافزوں جرائم کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ جو غاصب صیہونی حکومت دنیا کی ظالم طاقتوں کی حمایت و پشت پناہی سے بھرپور فوجی طاقت کے ساتھ مظلوم فلسطینوں کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اور بچوں اور عورتوں کا قتل عام کر رہی ہے اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ جارح حکومت مزاحمتی طاقتوں کا مقابلہ کرنے اور ان کو شکست دینے پر قادر نہیں ہے۔
حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے سیکریٹری جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ خدا کے فضل و کرم سے غزہ کے عوام کی حتمی فتح و کامیابی کا آپ مشاہدہ کریں گے۔
فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ نے بھی فلسطین کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی مدد و حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے جنرل شہید قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ تمام تر سختیوں اور سازشوں کے باوجود غزہ کے عوام نے مزاحمتی فورسیز کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر اور اپنی بے مثال قربانیاں پیش کرکے امریکہ، صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کی، مزاحمت کو نابود کرنے کی تمام سازشوں کو خاک میں ملا دیا ہے۔
فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے تحریک حماس اور جہاد اسلامی اور دیگر مزاحمتی فورسز کے درمیان مکمل ہم آہنگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے عوام اور مزاحمتی فورسیز اپنی حتمی اور یقینی کامیابی کےحصول تک استقامت جاری رکھیں گی اور خدا کے فضل و کرم سے مستقبل قریب میں حتمی کامیابی ان کو حاصل ہوکے رہے گی۔

ٹیگس