صیہونی حکومت کی جارحیت کا دندان شکن جواب دیا جائیگا: ایرانی پارلیمنٹ
ایران کے ممبران پارلیمنٹ نے دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلر شعبے پر صیہونی حکومت کے حملے کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قراردیا اور اس جارحیت کا منھ توڑ جواب دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کے اراکین پارلیمنٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سفاک صیہونی حکومت دنیا کی ایسی واحد دہشتگرد و جعلی حکومت ہے جس نے تمام انسانی معیارات و بین الاقوامی قوانین کو پامال کر کے رکھ دیا ہے تاکہ اپنی قانونی حیثیت ثابت کر سکے جبکہ اسے پتہ نہیں ہے کہ وہ اپنے ناجائز ہونے پر مہر لگا چکی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے ممبران پارلیمنٹ نے اپنے بیان میں ایران کے قونصلر شعبے پر نسل کش اسرائیلی حکومت کے انفعالی حملے کو طوفان الاقصی آپریشن کا جواب دینے میں اس کی عاجزی و کمزوری کی علامت قرار دیا ۔
ایران کے ممبران پارلیمنٹ نے صیہونی حکومت کے گذشتہ چند مہینے کے وحشیانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے تاکید کی کہ نسل کش صیہونی حکومت اپنے ناجائز وجود کا خاتمہ ضرور دیکھے گی ۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکرمحمد باقر قالیباف نے بھی ایک پیغام میں دمشق میں ایران کے قونصلر شعبے پر صیہونی حکومت کے میزائلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے سفارتی و فوجی مبصرین کی شہادت کی تعزیت پیش کی ۔