Apr ۰۳, ۲۰۲۴ ۱۰:۱۵ Asia/Tehran
  • ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملے کے نتائج کی بابت انتباہ

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کی سفیر زہرا ارشادی نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں دمشق میں ایران کے قونصلرشعبے پر اسرائیلی حملے کے نتائج کی جانب سے خبردار کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں ایران کی سفیر نے منگل کو منعقدہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں شام میں ایران کے قونصلر شعبے پر اسرائیلی حملے سمیت اسرائیل کے بزدلانہ دہشتگردانہ حملوں اور ہولناک جرائم کے بارے میں خبردار کیا اور کہا کہ صیہونی حکومت کا یہ مذموم اقدام علاقے میں کشیدگی میں اضافے پر منتج ہوسکتا ہے اور ديگر ممالک کے درمیان جنگ کی چنگاری بھڑکا سکتا ہے۔
دمشق میں ایران کے قونصلر شعبے پر اسرائیلی حملے سمیت اسرائیل کے بزدلانہ دہشتگردانہ حملوں اور ہولناک جرائم کے بارے میں منگل کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا تھا۔
زہرا ارشادی نے سلامتی کونسل میں منعقدہ اس اجلاس میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران صیہونی حکومت کے ہولناک جرائم اور بزدلانہ دہشتگردانہ حملوں کی سختی سے مذمت کرتا ہے اور اعلان کرتا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قوانین ، شام کے اقتدار اعلی، اس کی خود مختاری اور ارضی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی کی ہے ۔اقوام متحدہ میں ایران کی سفیر نے کہا کہ اسرائیل کی پیر کی جارحیت ، جارحیت سے بڑھ کر ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جرائم اور دہشتگردانہ حملہ عالمی برادری کے مسلمہ اصولوں یعنی قونصل خانوں اور سفارتی مراکزکی کھلی توہین کو ظاہر کرتا ہے کہ جو بین الاقوامی تعلقات کی بنیاد شمار ہوتے ہيں اور جنھیں قانونی طور پر تسلیم کیا جاتا ہے اور عالمی حمایت یافتہ ہيں۔
زہرا ارشادی نے کہا کہ صیہونی حکومت کے اس جرم نے سفارتخانوں اور قونصلخانوں کو حاصل تحفظ کے بنیادی اصول، سفارتی تعلقات کے حوالے سے انیس سو اکسٹھ کے کنونشن، اور قونصلر تعلقات کے حوالے سے انیس سو ترسٹھ کے ویانا کنونشن نیزاور سفارتی عوامل سمیت بین الاقوامی حمایت یافتہ افراد کے خلاف جرائم کی روک تھام اور ان پر سزا دینے کے حوالے سے انیس سو تہتر کے کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ٹیگس