Apr ۰۳, ۲۰۲۴ ۱۰:۲۵ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کو پشیمان کردینے پر زور، ایران کی وزارت خارجہ کا بیان

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ غاصب ، جارح اور مفلوک صیہونی حکومت کو پوری حکمت اور بصیرت کے ساتھ ایسا طاقتور جواب دیا جائے گا جو اس کو اس کے کئے پر پشیمان کردے گا۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے دمشق میں ایرانی کونسلیٹ پر صیہونی حکومت کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس کو پشیمان کردینے والا جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بیشک یہ حملہ بزدلانہ، نفرت انگیز اور انیس سو اکسٹھ کے سفارتی روابط کے کنوینشن سمیت سبھی بین الاقوامی قوانین اور کنوینشنوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور توقع ہے کہ حکومتیں اور بین الاقوامی ادارے اس جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کریں گے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل سے اس جارحیت کی فوری طور پر مذمت کرنے کا مطالبہ کیاگیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ غزہ میں چھے ماہ سے جاری وحشیانہ جارحیت میں، فوجی، سیاسی اور اخلاقی شکست پر غاصب صیہونی حکومت کی جھنجھلاہٹ اور اس کی حواس باختگی کی نشاندہی کرتا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت اس قسم کے مجرمانہ اور دہشت گردانہ اقدامات کے ذریعے اپنی شکستوں سے نجات نہیں حاصل کرسکتی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران حکمت اور بصیرت سے کام لیتے ہوئے اس جارح حکومت کو پوری قوت سے ایسا جواب دے گا کہ جو اس کو پشیمان کردے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری خود اسی پر ہوگی اور اسلامی جمہوریہ ایران بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق اس کے دہشت گردانہ حملے کا ٹھوس اور دنداں شکن جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ٹیگس