Apr ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۱:۲۹ Asia/Tehran
  • عید الفطر پر صدر ایران کا پیغام تبریک

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے عید الفطر کی مناسبت سے تمام مسلم ملکوں کے سربراہوں اور عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ اسلامی ملکوں کا شرعی و انسانی فریضہ ہے کہ وہ غزہ پر صیہونی جارحیت بند کرانے کے لئے فوری اقدامات عمل میں لائیں۔

سحرنیوز/ایران: صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے عید الفطر کی مناسبت سے مسلم ملکوں کے سربراہوں اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عید کو خدا کی بندگی، قرب الہی اور مخلص و مومن بندوں کے روزوں کے اجر و صلے کا دن قرار دیا۔
انہوں نے اپنے پیغام تبریک میں اس مبارک دن کی برکت سے مسلمانان عالم خاصطور سے غزہ اور فلسطین کے عوام کی کامیابی کی دعا کی اور کہا کہ اس وقت فلسطین کی تحریک استقامت کی حمایت نہ صرف تمام مسلمانوں کا شرعی بلکہ دینی و اخلاقی بھی فریضہ ہے۔ صدر ایران نے یوم القدس کے جلوسوں اور ریلیوں کو فلسطینیوں کی حمایت کا مظہر قرار دیا اور تاکید کی کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ مظلوم فلسطینی عوام پر جارحیت بند اور غزہ کا محاصرہ ختم کرانے کی بھرپور کوشش کی جائے نیز انسان دوستان امداد کی ترسیل کو آسان بنایا جائے۔
صدر مملکت نے غزہ میں بھوک مری ختم کرانے کے لئے تمام اسلامی ملکوں اور مسلمانوں کی کوششوں کے دائرے میں ایران کی جانب سے ہر قسم کے تعاون وحمایت کی آمادگی کا اعلان کیا اور کہا کہ عالمی یوم القدس کو غزہ کے عوام اور فلسطینیوں کی مدد و حمایت اور ان کے خلاف جارحیت و محاصرہ ختم کرانے اور اسی طرح فلسطینیوں کی امداد کے لئے تمام مسلمانوں میں اتحاد و یکجہتی کا مظہر ہونا چاہیے۔

ٹیگس