صدر رئیسی اور حماس کے سربراہ کی ٹیلی فونی گفتگو
صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے حماس کے سربراہ کے تین بیٹوں اور تین پوتوں کی شہادت پر کہا ہے کہ استقامتی محاذ کے لیڈران بھی آزادی قدس کی راہ میں فداکاری اور جاں فشانی میں اپنے عوام کے ساتھ صف اول میں ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق صدرمملکت سید ابراہیم رئیسی نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سے ٹیلیفون پر گفتگو میں انہیں، ان کے بیٹوں کی شہادت کی تعزیت پیش کی۔ صدر ایران نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے نے استقامتی محاذ کے مقابلے میں وحشی اور بچوں کی قاتل صیہونی حکومت کی عاجزی اور لاچاری کو پہلے سے زیادہ عیاں کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے دفاع کے دعویدار صیہونی حکومت کے جرائم پر اپنی خاموشی اور بزدلانہ حمایت سے، غاصب اور منفور صیہونی حکومت کے جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔
صدر ایران نے اس دردناک مصیبت پر حماس کے سربراہ کے صبر اور فداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ استقامتی محاذ کے لیڈران آزادی قدس کی راہ میں فداکاری میں اپنی قوم کے ہمراہ پہلی صف میں ہیں۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے صدر ایران کے ٹیلی فون اور اظہار ہمدردی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس خون سے ہم اپنی قوم کے لئے امید اور روشن مستقبل کی تعمیر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ دشمن یہ سمجھتا ہے کہ رہبران استقامت کے فرزندوں کو نشانہ بناکر ہمارے اور ہماری قوم کے عزم و ارادے کو کمزور کرسکتا ہے لیکن اس کو معلوم ہونا چاہیے کہ یہ خون راہ استقامت میں ہمیں زیادہ استوار اور مزید مستحکم کر رہے ہیں۔