Apr ۱۹, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۰ Asia/Tehran
  • حملے کی صورت میں  دشمن کو سخت ترین جواب دینے پر زور، صدر مملکت سیدابراہیم رئیسی

صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ اگر صیہونی حکومت نے پھر کوئی غلطی یا اسلامی جمہوریہ ایران کی سرزمین پر معمولی سی بھی جارحیت کی تو ایسا جواب دیا جائے گا کہ وہ اور اس کے حامی پشیمان ہوجائيں گے۔

سحرنیوز/ایران: صدر سید ابراہیم رئیسی نے جمعرات کی شام شہر شاہرود میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب میں کہا کہ آج پورا عالم اسلام اور انسانی دنیا فلسطین کے دفاع اور ظالم صیہونی حکومت کی مخالفت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کی حقانیت سے واقف ہوچکی ہے۔ صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ میں ایرانی قوم، مسلح افواج اور عوام کے ایک ایک فرد کی طرف سے کہتا ہوں کہ اگر صیہونی حکومت نے پھر کوئی غلطی کی یا اسلامی جمہوریہ ایران کی مقدس سرزمین پر معمولی سی بھی جارحیت کرنی چاہی تو ایسا جواب دیا جائے گا کہ وہ بھی اور اس کے حامی بھی پشیمان ہوجائيں گے۔
صدر ایران نے کہا کہ وہ زمانہ گزرگیا کہ جب کچھ لوگوں نے ہم سے ہمارے میزائلوں اور ہماری توانائیوں کے بارے میں جے سی پی او اے ٹو اور جے سی پی او اے تھری کی بات کرنا چاہا۔ ہم کسی کو بھی اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے کہ ایرانی قوم کی توانائیوں کے بارے میں بات کرے ۔ یہ توانائیاں ہمارے شہیدوں کے خون کی مرہون منت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے، آج ایرانی قوم سے سبھی دشمنیوں کی اصل وجہ اس نظام کے برحق موقف اور اس کے اعلی اہداف ہیں۔ صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ یہ سب کچھ عالمی سامراج کے مقابلے میں عوام کی استقامت اور پائیداری کی وجہ سے ہے اور ہمارے عوام رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی پیروی میں فلسطینی امنگوں اور آزادی قدس کی حمایت سے دستبردار نہیں ہوں گے جس کے نعرے وہ 45 برس سے لگارہے ہیں۔

ٹیگس