May ۰۳, ۲۰۲۴ ۱۳:۰۸ Asia/Tehran
  • ایران اور اسٹونیا کے وزرائے خارجہ کی ٹیلی فونی گفتگو

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے اسٹونین ہم منصب سے ٹیلیفونی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی سمندری حدود میں قبضے میں لئے گئے بحری جہاز کے عملے کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کیا گیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اسٹونیا کے اپنے ہم منصب مارگس تاساکانا سے ٹیلی فونی گفتگو کرتے ہوئے دوطرفہ معاملات اور مشرق وسطی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ مہر خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماوں نے باہمی تعاون اور تعلقات میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔گفتگو کے دوران ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ غزہ میں صہیونی حکومت کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف عالمی برادری کو متحد ہوکر کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔
عالمی سطح پر صہیونی حکومت پر جنگ بندی، غزہ کا محاصرہ ختم کرنے اور جنگی قیدیوں کی فی الفور رہائی کا دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے اپنی سمندری حدود میں تحویل میں لئے گئے بحری جہاز کے عملے کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر آزاد کیا ہے۔ بحری جہاز کا کپتان اگر تعاون کرے تو عملے کے تمام افراد کو ان کے آبائی ممالک واپس روانہ کیا جائے گا۔ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ سمندری جہازوں کو بین الاقوامی قوانین اور دیگر ملکوں کی سمندری حدود کی رعایت کرنا چاہیے۔
اس موقع پر اسٹونیا کے وزیرخارجہ نے ایران کی جانب سے اسٹونیا سے تعلق رکھنے والے عملے کو آزاد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

ٹیگس