May ۲۰, ۲۰۲۴ ۰۹:۱۱ Asia/Tehran
  • صدر مملکت اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر حکومتی کابینہ کا بیان

صدر مملکت شہید ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کے بعد حکومتی کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا۔

سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق صدر ایران اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کے فورا بعد حکومتی کابینہ نے ہنگامی اجلاس تشکیل دیا جس کے بعد ایک بیان جاری کیا گیا جس میں شہید صدر کے دکھائے ہوئے راستے کو باقی رکھنے کے عہد کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکومتی کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے بیان کا متن یہ ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم مِنَ المُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللهَ عَلَيْهِ فَمِنْهُمْ مَنْ قَضَى نَحْبَهُ وَمِنْهُمْ مَنْ يَنْتَظِرُ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِيلًا یوم ولادت باسعادت حضرت علی ابن موسی الرضا علیہ السلام پر خادم امام رضا، خادم ملت اور عوام کے محبوب صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی ملکوت اعلی سے مل گئے۔ ایرانی عوام کے محبوب صدر نے جو ملک و قوم کی خدمت میں انتھک کوششوں میں مصروف رہے اپنے عہد پر باقی رہتے ہوئے اپنی جان قوم پر فدا کردی۔
حکومتی کابینہ ہیلی کاپٹر کے اس جانگداز سانحے اور ملت ایران کے محبوب اور خدمتگزار صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی، جہادی وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان، تبریز کے امام جمعہ حجت الاسلام والمسلمین آل ہاشم، مشرقی آذربائیجان کے گورنر ڈاکٹر مالک رحمتی اوران کے دیگر ساتھیوں کی شہادت پر حضرت امام زمانہ عج اللہ فرجہ الشریف، رہبر معظم انقلاب اسلامی اور ملت ایران کو تعزیت پیش کرتی ہے اور اپنے عزیز عوام کو یقین دلاتی ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی کے وفادار ساتھی، خادم ملت، غیور صدر آیت اللہ رئیسی کی انتھک جذبے کی پیروی اور ان کے دکھائے ہوئے خدمت ملت کے راستے کو باقی رکھا جائے گا اور خداوند عالم کی نصرت اور عوام کے تعاون سے ملک کے جہادی انتظام و انصرام میں معمولی سا بھی خلل نہیں آئے گا۔

ٹیگس