May ۲۱, ۲۰۲۴ ۱۰:۴۵ Asia/Tehran

آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی تشییع جنازہ میں تبریز کے لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔

سحرنیوز/ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق آج ایران کے شہر تبریز میں ہیلی کوپٹر سانحے میں شہید ہونے والے صدر ایران آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور آپ کے ساتھیوں کا جلوس جنازہ نکالا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
شہید صدر اور ان کے ساتھیوں کے جلوس جنازہ کے موقع پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ جلوس جنازہ میں شریک سوگوار اپنے ہاتھوں میں حضرت امام حسین علیہ السلام کا علم اور اسلامی جمہوریہ ایران کا پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ شہید صدر کے جلوس جنازہ کے شرکاء صدر کے راستے پر گامزن رہنے کا عہد کر رہے تھے اور جلوس جنازہ پر گل باری کر کے اپنے محبوب صدر کو الوداع کہہ رہے تھے۔
شہید صدر کے جلوس جنازہ میں شہر تبریز اور اطراف کے عوام کی بھاری تعداد کے ساتھ ہی اعلی سیاسی و عسکری حکام بھی موجود تھے۔ جلوس جنازہ میں شریک شہر تبریز کے ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ ہم شہید صدر کے جلوس جنازہ میں جو جم غفیر دیکھ رہے ہیں اس سے شہید صدر کی عوامی مقبولیت کاپتہ چلتا ہے۔
رپورٹوں کے مطابق تبریز کے بعد دارالحکومت تہران، مذہبی شہر قم اور مشہد مقدس میں بھی صدر مملکت کے جنازے کی تشییع انجام پائے گی تاکہ ان شہروں کے عوام اپنے محبوب صدر کو الوداع کہہ سکیں۔ مشہد مقدس میں شہید صدر کے آخری جلوس جنازہ کے بعد حرم مطہر حضرت امام رضا علیہ السلام میں آپ کے جسد خاکی کو سپرد خاک کردیا جائے گا۔

ٹیگس