دسیوں لاکھ سوگواروں نے اپنے شہید صدر کو خراج عقیدت پیش کرکے دنیا کو ایران کا واضح پیغام دے دیا: رہبر انقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ صدر رئیسی کے جلوس جنازہ میں لاکھوں سوگواروں کی شرکت نے دنیا کو بتا دیا کہ عوام اسلامی انقلاب سے والہانہ لگاو رکھتے ہیں۔
سحر نیوز/ ایران: رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای شہید سید ابراہیم رئیسی کی رہائشگاہ پر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
آپ نے اس موقع پر شہید صدر کو اسلامی انقلاب کے اقدار کا مظہر قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ عوام نے اپنے شہید صدر کو خراج عقیدت پیش کر کے دنیا بھر کو اسلامی جمہوریہ ایران کا واضح پیغام دے دیا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر صدر رئیسی کی رحلت کو ملک کے لئے سنگین اور ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے شہید صدر کے جلوس جنازہ میں عوام کی تاریخی شرکت کو اسلامی جمہوریہ ایران کے حق میں دنیا کیلئے ایک واضح پیغام قرار دیا جو اسلامی جمہوری نظام کے عوامی بنیادوں پر استوار ہونے اور اس کی طاقت کی علامت ہے۔ آپ نے فرمایا کہ غیرملکی مہمانوں سے بھی یہ بات ڈھکی چھپی نہ رہ سکی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ مرحوم صدر کی خدمات ان کی زندگی تک محدود نہیں ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ صدر رئیسی کی حیات کے بعد بھی ان کی قیمتی خدمات منظرعام پر آرہی ہیں۔
آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ شہید صدر سے عوام کی محبت کو ان کی شہادت کے اعلان سے قبل دعائیہ تقاریب اور مجالس کی شکل میں دیکھا جا سکتا ہے۔
آپ نے فرمایا کہ یہ اس بات کی علامت ہے کہ عوام بدستور انقلاب اور اسلامی انقلاب کے اقدار سے والہانہ محبت رکھتے ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ شہید رئیسی اسلامی انقلاب کے اقدار کی علامت تھے، جو الفاظ ان کی زبان سے نکلتے تھے، انقلاب کی حقیقت کے عکاس تھے اور انہوں نے ان نعروں کو اپنا لائحہ عمل بنا دیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ اس ملاقات میں حجت الاسلام و المسلمین علم الہدی، شہید رئیسی کی اہلیہ ڈاکٹر جمیلہ علم الہدی اور ان کی بیٹیاں اور قریبی رشتہ دار موجود تھے۔