پہلے مرحلے میں ووٹ نہ دینے والوں کو اسلامی نظام کا مخالف قرار دینا درست نہیں: رہبر انقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی نے انتخابات کے دوسرے مرحلے کو اہمیت کا حامل قراردیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے دفتر میں آج بدھ کو نئی انتظامیہ، منتظمین اور شہید مطہری اسکول کے پروفیسروں کے ایک گروپ کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی نے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے فرمایا کہ صدارتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ بہت ہی اہم ہے۔
آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے ووٹنگ کے عمل میں شرکت کی تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ جو بھی اسلام اور ایران کی ترقی دیکھنا چاہتا ہے، ضروری ہے کہ جمعہ کے دن ہونے والے انتخابات میں ووٹ دے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ پہلے مرحلے میں ووٹ نہ دینے والوں کو انقلاب اور نظام کے مخالف قرار دینا درست نہیں ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے انتخابات کے پہلے مرحلے میں عوامی شرکت کی شرح کو توقع سے کم اور پیشین گوئیوں کے برخلاف قرار دیا اور فرمایا کہ اس مسئلے کے اسباب و علل کی سیاست اور سماجیات کے ماہرین تحقیق کر رہے ہیں۔
ایران میں صدارتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ جمعہ 5 جولائی کو منعقد ہو گا جس میں سعید جلیلی اور مسعود پزشکیان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ پہلے مرحلے میں کوئی بھی امیدوار مطلوبہ اکثریت حاصل نہ کر سکا تھا جس کی وجہ سے انتخابات دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئے تھے۔