ایران کے اراکین پارلمان سے رہبر انقلاب اسلامی کا خطاب
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے منتخب صدر اور نئی حکومت کی کامیابی کو پوری قوم کی کامیابی قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: آج ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور اراکین نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں غزہ پر مہینوں سے غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری رہنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا، بعض افراد کی جانب سے صیہونیوں کے جرائم کی مذمت میں کمی آگئی ہے لیکن غزہ کی اہمیت نہ صرف یہ کہ کم نہیں ہوئی ہے بلکہ جارحیت کے ابتدائی دنوں کے مقابلے میں بڑھ گئی ہے۔
آپ نے فرمایا کہ امریکا کے نام سے ایک بڑا سیاسی، اقتصادی اور فوجی سسٹم غزہ کے خلاف جارحیت میں غاصب صیہونی حکومت کا بھر پور ساتھ دے رہا ہے لیکن ایک چھوٹے سے استقامتی گروہ کو کمزور نہیں کرسکا ہے بلکہ اس کی طاقت ميں اضافہ ہی ہوا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دونوں خبیث، غاصب صیہونی حکومت اور امریکا مل کر، حماس اور فلسطین کی استقامتی تحریک کے قدم نہیں اکھاڑ سکے ہیں اور مظلوم عوام، عورتوں، بچوں اسپتالوں پر بمباری کر رہے ہیں۔
آپ نے فرمایا کہ آج دنیا غزہ ميں غاصب صیہونیوں کے جرائم اور درندگی کا مشاہدہ کر رہی ہے۔ آپ نے ایران کے اراکین پارلیمان کو مخاطب کرکے فرمایا کہ غزہ کے مسئلے ميں خاموشی ہرگز نہ اختیار کریں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آج ایرانی پارلیمان کے لئے بیرونی سرگرمیوں اور سفارت کاری کے حوالے سے غزہ اہم ترین مسئلہ ہے ۔ آپ نے سیاسی اور بین الاقوامی مسائل میں پارلیمنٹ کے کردار کو بہت اہم قرار دیا۔ آپ نے اپنے خطاب میں اراکین پارلیمنٹ کو تاکید فرمائی کہ نئی حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جائے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ حالیہ انتخابات میں منتخب صدر کی کامیابی کو پوری قوم کی کامیابی سمجھنا چاہیے۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے غزہ کے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ غزہ اسلامی دنیا کا اہم ترین مسئلہ ہے۔